فٹبال کی دنیا میں عجیب حادثہ، چھینک سے کھلاڑی زخمی
انگلینڈ: انگلش فٹبال کی لیگ ون میں بولٹن وانڈررز کے لیے کھیلنے والے فٹبالر وکٹر اڈیبوئے کو ایک حیرت انگیز اور غیر معمولی واقعے کے بعد کھیل سے باہر کر دیا گیا۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ اڈیبوئے کو زخمی کرنے والی کوئی چوٹ یا ٹکر نہیں، بلکہ ایک زور دار چھینک تھی جس نے انہیں زخمی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق، بولٹن وانڈررز کے مینیجر ایان ایویٹ نے میڈیا کو بتایا کہ اڈیبوئے کو کمر کی چوٹ کا سامنا کرنا پڑا ہے اور فی الحال انہیں ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے۔ یہ چوٹ اس وقت آئی جب وکٹر کو ایک غیر معمولی طور پر زوردار چھینک آئی، جس کے بعد انہوں نے اپنی پسلیوں کے درمیان ایک دردناک کریک محسوس کیا۔ایویٹ نے مزید کہا، "ہم نے اڈیبوئے کی کمر کی اسکیننگ کی ہے اور اس کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ وہ چارلٹن میں مکمل طور پر ٹھیک تھے، لیکن ایک اچانک اور شدید چھینک کے بعد انہیں کمر کے نیچے چوٹ محسوس ہوئی۔
ہمیں اُمید ہے کہ یہ صرف کارٹلیج یا پٹھوں کا مسئلہ ہوگا اور کوئی سنجیدہ چوٹ نہیں، لیکن ہم حتمی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے جب تک اسکین کے نتائج سامنے نہیں آتے۔”مزاحیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے ایویٹ نے کہا، "وکٹر ایک انتہائی طاقتور ایتھلیٹ ہیں، اور حتیٰ کہ ان کی چھینکیں بھی اتنی طاقتور ہیں کہ انہیں زخمی کر سکتی ہیں۔
فٹبال کی دنیا میں عجیب و غریب انجری کے واقعات نئے نہیں ہیں، لیکن وکٹر اڈیبوئے کا یہ معاملہ خاصی حیرت کا باعث ہے۔
اس سے قبل 2009 میں اسکاٹش فٹبالر کرک براڈفٹ بھی ایک غیر متوقع حادثے کا شکار ہو چکے ہیں، جب ان کا چہرہ مائیکرو ویو میں رکھے گئے انڈے کے پھٹنے سے بری طرح زخمی ہو گیا تھا۔ اس حادثے کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرنا پڑا تھا۔فٹبال جیسے تیز رفتار اور جسمانی طور پر چیلنجنگ کھیل میں عام طور پر کھلاڑیوں کو انجریز کا سامنا ہوتا ہے، لیکن چھینک جیسا معمولی واقعہ کسی کھلاڑی کے لیے انجری کا باعث بن جائے، یہ ایک نایاب اور دلچسپ واقعہ ہے۔