پاک انگلینڈ کرکٹ سیریزیو اے ای یا سری لنکا منتقل ہونے کا امکان
لاہور:پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان شیڈول کرکٹ سیریز کے لیے ملک میں میدانوں کی عدم تیاری کی وجہ سے میچز کا یو اے ای یا سری لنکا منتقل ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 7 سے 11 اکتوبر تک ملتان میں، دوسرا 15 سے 19 تاریخ تک کراچی میں، اور تیسرا 24 سے 28 اکتوبر تک راولپنڈی میں کھیلا جانا ہے۔ تاہم، لاہور اور کراچی کی طرح راولپنڈی اسٹیڈیم میں بھی تعمیراتی کام جاری ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو یہ خدشہ لاحق ہے کہ اگر سیریز کے دوران اسٹیڈیمز میں کام روکا گیا تو چیمپئنز ٹرافی سے پہلے ان کی مکمل تیاری ایک بڑا چیلنج بن سکتی ہے۔ انگلینڈ سے آنے والے شائقین، بارمی آرمی، کی بھی پاکستان آمد متوقع ہے، اس لیے میچز بغیر تماشائیوں کے کرانا ممکن نہیں ہوگا۔
ان مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی بی متبادل وینیوز پر غور کر رہا ہے، جہاں یو اے ای پہلا انتخاب ہوگا۔ تاہم، دبئی اور شارجہ اسٹیڈیمز میں 3 سے 20 اکتوبر تک آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے میچز شیڈول ہیں، جس سے وہاں پاک انگلینڈ سیریز کے لیے صرف ابوظہبی اسٹیڈیم دستیاب ہوگا۔ پی سی بی حکام سری لنکا میں بھی میچز کرانے پر غور کر رہے ہیں، اور اس حوالے سے انگلش کرکٹ بورڈ سے مشاورت جاری ہے، جس کا حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔