بنگلادیش کی تاریخی کامیابی، پاکستان کو پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ
بنگلادیش کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پہلی مرتبہ تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے گرین شرٹس کو 2-0 سے کلین سویپ کردیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف یہ میچ جیتا بلکہ سیریز بھی اپنے نام کر لی۔
سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز بنگلادیش نے 42 رنز بغیر کسی نقصان کے کھیل کا آغاز کیا۔
تاہم جلد ہی بنگال ٹائیگرز کو دو اہم وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا جب ذاکر حسن 40 اور شادمان اسلام 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد کپتان نجم الحسن شانتو اور مومن الحق نے بھی رنز کی رفتار کو برقرار رکھا لیکن وہ بھی بالترتیب 38 اور 34 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔تاہم، مشفق الرحیم اور شکیب الحسن نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 رنز کی پارٹنرشپ بنائی اور بنگلادیش کو میچ جتوا دیا۔پاکستان کی طرف سے میر حمزہ، ابرار احمد، سلمان علی آغا، اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 172 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، جس کے بعد بنگلادیش کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف ملا۔ قومی ٹیم نے چوتھے دن 9 رنز پر دو وکٹوں کے نقصان کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا، تاہم پاکستانی بلے باز بنگلادیشی باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئے۔
سائم ایوب 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور کپتان شان مسعود 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ تجربہ کار بلے باز بابر اعظم بھی اس سیریز میں اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔وکٹ کیپر محمد رضوان نے کچھ مزاحمت کی اور 43 رنز کی اننگز کھیلی، لیکن دوسرے اینڈ پر کوئی بھی بلے باز ان کا ساتھ نہ دے سکا۔ آخر میں سلمان علی آغا نے جارحانہ انداز میں 47 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، لیکن وہ بھی ٹیم کو بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
بنگلادیشی باؤلر حسن محمود نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ ناہید رانا نے چار اور تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ تیسرے روز کے اختتام پر پاکستانی ٹیم نے صرف 9 رنز پر 2 وکٹیں گنوا دی تھیں، اور بنگلادیشی باؤلرز نے جارحانہ باؤلنگ کرتے ہوئے پاکستانی بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا۔ پاکستان کی پہلی اننگز میں 274 رنز کے جواب میں بنگلادیش نے 262 رنز بنائے۔
پاکستانی باؤلر خرم شہزاد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔یہ سیریز بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، کیونکہ انہوں نے پاکستان کو پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں شکست دی۔ اس کامیابی نے بنگلادیشی ٹیم کی عالمی کرکٹ میں بڑھتی ہوئی طاقت کو ظاہر کیا ہے اور اس فتح کے بعد بنگلادیشی ٹیم کا حوصلہ مزید بلند ہوگیا ہے۔