پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کو روزانہ 500 امریکی ڈالرز کیوں ملتے ہیں؟
اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اور سیکریٹری کے ٹی اے ڈے (Travelling Allowance and Daily Allowance) کی مد میں ملنے والی رقوم کی تفصیلات حاصل کی گئی ہیں، جن سے پتہ چلتا ہے کہ یہ عہدیداران بیرون ملک دوروں کے دوران قابلِ ذکر رقوم وصول کرتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف کے صدر کو بیرون ملک کے دورے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر 500 امریکی ڈالرز دیے جاتے ہیں، جبکہ سیکریٹری کو 450 ڈالرز ملتے ہیں۔ یہ رقوم پی ایچ ایف کے قواعد کے تحت مقرر کی گئی ہیں اور اس میں کوئی تبدیلی موجودہ انتظامیہ کے دور میں نہیں کی گئی۔
حال ہی میں پی ایچ ایف کے صدر اور سیکریٹری کو دو اہم بین الاقوامی دوروں کے لیے مجموعی طور پر تقریباً 92 لاکھ 59 ہزار پاکستانی روپے ملے۔ ان دوروں میں ایک دورہ ملائیشیا اور دوسرا نیشنز کپ کے لیے ہالینڈ اور پولینڈ کا تھا۔ ملائیشیا میں دونوں عہدیداران نے 17 دن قیام کیا، جبکہ نیشنز کپ کے لیے 10 دن کا قیام کیا۔ مجموعی طور پر ان دو دوروں میں دونوں عہدیداران کو 33 ہزار 250 ڈالرز دیے گئے۔
پی ایچ ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پالیسی میں گزشتہ کئی برس سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، اور فیڈریشن کے عہدیداران اضافی نہیں بلکہ مقررہ قواعد کے مطابق یہ رقم لے رہے ہیں۔ اس پالیسی کا مقصد فیڈریشن کے عہدیداران کو ان کے دوروں کے دوران تمام ضروری اخراجات کی مناسب ادائیگی کرنا ہے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر فیڈریشن کے مفادات کی صحیح نمائندگی کر سکیں۔