رونالڈو نے یوٹیوب پر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر اپنی مقبولیت کا لوہا منواتے ہوئے یوٹیوب پر سبسکرائبرز اور ویوز کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ پرتگال سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ فٹبالر نے حال ہی میں اپنا یوٹیوب چینل "یو آر کرسٹیانو” لانچ کیا، جس کے چند ہی گھنٹوں کے اندر سبسکرائبرز کی تعداد 10 ملین تک پہنچ گئی، جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔
رونالڈو، جو پہلے ہی انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی شخصیت ہیں، نے یوٹیوب پر اپنی فٹبال کی صلاحیتوں اور زندگی کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کے لیے ایک نیا پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔ چینل پر رونالڈو نے اب تک صرف 19 ویڈیوز اپلوڈ کی ہیں، لیکن ان کی مقبولیت نے یوٹیوب پر دھوم مچا دی ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ان کے چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد 14 ملین سے تجاوز کر چکی ہے، اور یہ تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔
یوٹیوب کی جانب سے رونالڈو کو گولڈن پلے بٹن سے نوازا گیا ہے، جو یوٹیوب کے سب سے زیادہ سبسکرائبڈ چینلز کے لیے دیا جاتا ہے۔ رونالڈو کا یوٹیوب چینل تیزی سے دنیا کے سب سے مقبول چینلز میں شامل ہوتا جا رہا ہے، اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ چینل جلد ہی مسٹر بیسٹ کے 311 ملین سبسکرائبرز کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔
اس سے قبل ایسی خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ یوٹیوب انتظامیہ نے رونالڈو کو چینل بنانے کی اجازت نہیں دی تھی، کیونکہ ان کے سبسکرائبرز اور ویوز کی ممکنہ تعداد کے سبب پلیٹ فارم کریش ہونے کا خدشہ تھا۔ تاہم، ان رپورٹس کو بعد میں قیاس آرائیوں پر مبنی قرار دیا گیا۔
رونالڈو کے چینل کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت نے ان قیاس آرائیوں کو ایک حد تک درست ثابت کیا ہے، کیونکہ ان کے سبسکرائبرز کی تعداد میں ہر گزرتے لمحے حیرت انگیز اضافہ ہو رہا ہے۔