گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ارشد ندیم کی دولت میں ہوشربا اضافہ
میاں چنوں: پاکستان کے بین الاقوامی کھیلوں کے منظرنامے پر نمایاں مقام رکھنے والے جیویلن کھلاڑی ارشد ندیم نے پیرن اولمپکس 2024 میں 40 سالوں بعد گولڈ میڈل جیت کر ایک تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس فتح کے بعد ارشد ندیم کی ملکیت میں اہم اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جس پر نہ صرف پاکستانیوں میں جوش و خروش ہے بلکہ بھارت بھی اس کامیابی پر دلچسپی لے رہا ہے۔ بھارتی میڈیا اور عوام ارشد ندیم اور اپنے جیویلن کھلاڑی، نیرج چوپڑا کے درمیان موازنہ کر رہے ہیں، جو کہ چاندی کا میڈل جیت چکے ہیں۔
پاکستانی میڈیا کے علاوہ، بھارت میں بھی ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا کی مالی حالت میں اضافے پر بحث جاری ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کو ملنے والے تحائف اور 9 اگست کے بعد ان کی مالیت میں ہونے والے اضافے کا موازنہ کیا جا رہا ہے۔ ’جی کیو انڈیا‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، نیرج چوپڑا کی کُل مالیت 4.5 ملین ڈالر (تقریباً 37 کروڑ روپے) ہے۔
اسے بھی پڑھیں اگلا بڑا مقصد جیولین تھرو کا ورلڈ ریکارڈ توڑنا ہے:ارشد ندیم
دوسری جانب، پیرس اولمپکس 2024ء میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد، ارشد ندیم کی مالی حالت میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ گولڈ میڈل جیتنے سے قبل، ارشد ندیم کے پاس گاؤں اور شہر میں ایک ایک گھر تھا، جن کی مالیت متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق کروڑوں روپے میں ہے۔ بعض میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ارشد ندیم 9 اگست سے قبل دو گھر اور ایک گاڑی کے مالک تھے۔
گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ارشد ندیم کو بھاری بھرکم تحائف اور نقد رقوم دی گئی ہیں، جس کے بعد قومی ہیرو کی نیٹ ورتھ 47 کروڑ روپے کی نقد رقم، 7 اپارٹمنٹس اور 9 لگژری گاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ارشد ندیم کی مجموعی مالیت میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے، لیکن ابھی تک ان کی نیٹ ورتھ سے متعلق کوئی ٹھوس اعداد و شمار موجود نہیں ہیں۔
پاکستان کے ایک نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق، اولمپکس 2024ء کے بعد ارشد ندیم کو نقد انعامات کی مد میں 153 ملین پاکستانی روپے ملے ہیں۔