اگلا بڑا مقصد جیولین تھرو کا ورلڈ ریکارڈ توڑنا ہے:ارشد ندیم
ارشد ندیم جو پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر وطن عزیز کا سر فخر سے بلند کرچکے ہیں، کہتے ہیں کہ اگر مکمل فٹ رہا تو 2032 کے اولمپکس میں بھی شرکت کروں گا اور میڈل جیتنا ہدف ہوگا۔
ارشد ندیم نے بتایا کہ ان کا اگلا بڑا مقصد جیولین تھرو کا ورلڈ ریکارڈ توڑنا ہے،
اولمپکس میں شاندار کارکردگی کے بعد۔ ارشد ندیم نے اپنے سفر کی کہانی بیان کی، کہ کیسے انہوں نے انجری کے باوجود اپنی محنت اور عزم سے کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے اپنے کوچ سلمان اقبال بٹ کا شکریہ ادا کیا، جو ہر لمحہ ان کے ساتھ تھے اور بہترین رہنمائی فراہم کرتے رہے۔
ارشد ندیم نے بتایا کہ اولمپکس سے پہلے انہیں انجری کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ان کی محنت اور مستقل مزاجی نے انہیں یہ شاندار کامیابی دلائی۔
ارشد ندیم نے کہا کہ وہ 2012 سے محنت کرتے آ رہے ہیں اور اس کا پھل انہیں اب ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیولین تھرو کے لیے مکمل فٹنس ہونا بہت ضروری ہے، کیونکہ اس میں انجری کا احتمال بہت زیادہ ہوتا ہے۔ ان کے مطابق، لمبی تھرو میں فٹنس اور تکنیک دونوں اہم ہیں اور یہی ان کی کامیابی کا راز ہے۔
مستقبل کے ارادوں پر روشنی ڈالنے کے دوران ارشد ندیم نے کہا کہ اب ان کا ہدف ورلڈ ریکارڈ توڑنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیڑھ سے دو ماہ آرام کے بعد وہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تیاری شروع کریں گے۔
ارشد ندیم نے مزید کہا کہ اگلے اولمپکس سے پہلے بھی کئی اہم ایونٹس میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں اور وہی عزم و حوصلہ ان کے دل میں ہے کہ وہ 2032 کے اولمپکس میں بھی میڈل جیتیں۔