بورڈ بچانے کیلئے کھلاڑیوں کوآپس میں نہ لڑوایاجائے:شاہد آفریدی
لاہور:سابق قومی کپتان اور معروف کرکٹر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو چاہیے کہ کھلاڑیوں کو آپس میں مت لڑائے اور بورڈ کے خود کو بچانے کی کوشش میں کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کے خلاف نہ کرے۔ آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کو کرکٹ کا زیادہ علم نہیں
ہے اور انہیں واضح فیصلہ کرنا چاہیے۔ ان کے مشیر اس وقت مناسب نہیں ہیں اور اگر انہی کی رہنمائی پر عمل کیا جائے تو کوئی بہتری نہیں آئے گی۔آفریدی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ٹیم کو گیری کرسٹن جیسے بڑے نام کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ اس وقت گراس روٹ سطح پر بہتری کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ کو اپنے کردار کو سمجھتے ہوئے مسائل کو بڑھانا نہیں
بلکہ کم کرنا چاہیے اور کھلاڑیوں کے ڈسپلن کے مسائل کو بہتر انداز میں حل کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ شاہین آفریدی سمیت تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی ان کے لیے برابر ہے، اور شکست یا کامیابی کی صورت میں تمام کرکٹرز ذمہ دار ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف ایک یا دو سلیکٹرز کو ہٹا کر مسائل حل نہیں ہوں گے۔آفریدی نے بھارت کے
ساتھ کھیلنے کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہر مشکل حالات میں بھارت جا کر ورلڈ کپ کھیلا ہے، اور اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں آئے گا تو کوئی بات نہیں، بھارت بہانے بناتا رہے گا۔