بھارت چیمپئنز ٹرافی کیلئے نہ آیا تو پاکستان بھی 2026 ورلڈ کپ کیلئے بھارت نہیں جائے گا
لاہور (نمائندہ خصوصی): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کے اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، پی سی بی اپنے اس مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور ‘پاکستان کا ایونٹ پاکستان میں’ کے نعرے کو برقرار رکھے گا۔
آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کے دوران، جو 19 سے 22 جولائی تک سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں منعقد ہو گا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی شرکت بھی متوقع ہے۔ اس اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے مختلف متبادل منصوبے اور ہائی برڈ وینیو کی خبریں زیر بحث آئیں گی۔
ذرائع کے مطابق، پی سی بی آئی سی سی کے اجلاس میں اپنا مؤقف مضبوطی سے پیش کرے گا اور اس بات پر زور دے گا کہ چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچز پاکستان میں ہی منعقد کیے جائیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بھارت کے علاوہ تمام ٹیمیں پاکستان میں کھیل چکی ہیں اور بھارت کا پاکستان نہ آنے کا مؤقف کمزور ہے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ اگر بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار کیا تو پاکستان بھی 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ مستقبل میں سخت مؤقف اپنانے کا ارادہ رکھتا ہے اور اس بات پر زور دے گا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اس حوالے سے کوئی متبادل منصوبہ تیار کرنا چاہیے، جبکہ پاکستان اپنے مؤقف کے ساتھ آگے بڑھے گا۔
پی سی بی کے اس سخت مؤقف کا مقصد کرکٹ کے میدان میں برابری اور انصاف کو یقینی بنانا ہے اور بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی اہمیت کو واضح کرنا ہے۔