پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور کے تاریخی ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کر کے ‘عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم’ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت اسٹیڈیم پر نیا نام کا بورڈ بھی آویزاں کر دیا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسٹیڈیم کا نام تبدیل نہ کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ انہوں نے اس فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ نام برقرار رکھا جائے۔ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کے فیصلے پر مختلف حلقوں سے تنقید سامنے آئی ہے۔ ارباب نیاز کے صاحبزادے اور سابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، ارباب شہزاد نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کی خدمات کے اعتراف میں اسٹیڈیم کا نام رکھا گیا تھا اور اسے تبدیل نہیں کیا جانا چاہیے
خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیڈیم کا نام عوامی مطالبے پر تبدیل کیا گیا ہے اور یہ فیصلہ کسی کی ذاتی خواہش پر مبنی نہیں ہے. واضح رہے کہ اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا نمائشی میچ 8 اپریل کو منعقد ہونا تھا، لیکن یہ میچ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اس تنازعے کے باوجود، اسٹیڈیم کا نام باضابطہ طور پر تبدیل کر دیا گیا ہے اور ‘عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم’ کا بورڈ نصب کر دیا گیا ہے۔