دبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں کامیابی حاصل کرکے خود کو کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتانوں میں شامل کرلیا۔ بھارت نے فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر تیسری مرتبہ چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی، جبکہ روہت شرما نے عمران خان، رکی پونٹنگ اور ایم ایس دھونی جیسے لیجنڈری کپتانوں کی فہرست میں جگہ بنالی جن کی قیادت میں ٹیموں نے کم از کم پانچ یا اس سے زیادہ ٹیموں کے بڑے ٹورنامنٹس میں فتح حاصل کی۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 سمیت روہت شرما کی قیادت میں بھارت 4 بڑے ٹورنامنٹ جیت چکا ہے جن میں ایشیا کپ 2018، ایشیا کپ 2023 اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 شامل ہیں۔ سابق پاکستانی کپتان عمران خان نے آسٹریلیشیا کپ 1986، نہرو کپ 1989، آسٹریلیشیا کپ 1990، اور ورلڈکپ 1992 میں فتح حاصل کی ہے۔ آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے ورلڈکپ 2003، چیمپئنز ٹرافی 2006، ورلڈکپ 2007، چیمپئنز ٹرافی 2009 جیتی ہے۔ بھارت کے سابق کپتان ایم ایس دھونی کی قیادت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2007، ورلڈکپ 2011، چیمپئنز ٹرافی 2013، ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2016 بھارت جیت چکا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں شاندار کارکردگی پر روہت شرما کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ وہ آئی سی سی ایونٹ کے فائنل میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے کپتان بن گئے۔ ان سے پہلے یہ اعزاز حاصل کرنے والے کپتان کلائیو لائیڈ (ویسٹ انڈیز) – ورلڈکپ 1975، رکی پونٹنگ (آسٹریلیا) – ورلڈکپ 2003 اور ایم ایس دھونی (بھارت) – ورلڈکپ 2011 شامل ہیں