دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کیوی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔
ڈیرل مچل 63 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ مائیکل بریسویل نے 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اوپنر وِل ینگ 57 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، جبکہ کین ولیمسن 75 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔ بھارت کی جانب سے ورون چکرورتی اور کلدیپ یادیو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد شامی اور رویندرا جڈیجا نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بھارتی ٹیم نے ہدف کا تعاقب محتاط انداز میں کیا۔ کپتان روہت شرما نے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ویرات کوہلی نے 42 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ کے ایل راہول نے ناقابل شکست 34 رنز بنا کر ٹیم کو جیت دلائی۔نیوزی لینڈ کے بولرز نے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی، لیکن بھارتی بلے بازوں نے پراعتماد انداز میں 49ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنا کر چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
اس جیت کے ساتھ بھارت نے پانچویں مرتبہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیت لی، جبکہ نیوزی لینڈ تیسری مرتبہ فائنل کھیلنے کے باوجود ٹائٹل اپنے نام نہ کر سکا۔ یہ دونوں ٹیمیں 25 سال بعد چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں آمنے سامنے آئی تھیں۔ 2000 میں کھیلے گئے فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دی تھی، لیکن اس بار بھارت نے بدلہ چکا دیا۔