پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے پیچھے ٹیم مینجمنٹ، سلیکٹرز اور پی سی بی حکام کی ضد اور ناقص فیصلے کارفرما نظر آتے ہیں۔ 2023 میں بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹا کر شاہین آفریدی کو قیادت سونپی گئی، لیکن پانچ میچز بعد ہی بابر اعظم کو دوبارہ کپتان بنا دیا گیا۔ جب ٹیم کی شکستوں کا سلسلہ نہ رکا تو بابر نے ستمبر میں خود کپتانی چھوڑ دی، جس کے بعد محمد رضوان کو قیادت دی گئی، مگر وہ بھی ٹیم کو فتوحات کی راہ پر گامزن نہ کر سکے۔
پاکستانی سلیکٹرز نے اسپنرز کے انتخاب میں بڑی غلطیاں کیں۔ ہر ٹیم میں دو اسپنرز شامل تھے، لیکن پاکستانی سلیکٹرز نے ابرار احمد کے ساتھ کسی اور اسپنر کو شامل نہیں کیا۔ شاداب خان، اسامہ میر، سفیان مقیم اور فیصل اکرم جیسے باصلاحیت اسپنرز کو نظر انداز کیا گیا۔ فاسٹ بولنگ کو پاکستان کا مضبوط ہتھیار سمجھا جاتا تھا، لیکن شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف جیسا مضبوط بولنگ اٹیک توقعات پر پورا نہ اتر سکا۔ ان بولرز کو ٹیسٹ سیریز میں آرام دیا گیا تاکہ وہ ون ڈے میں اچھی کارکردگی دکھا سکیں، مگر چیمپئنز ٹرافی میں وہ بھی ناکام رہے۔
بابر اعظم، جنہیں دنیا کے بہترین بلے بازوں میں شمار کیا جاتا ہے، اس ایونٹ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ عثمان خان کو 9 میچز تک بینچ پر بٹھانے کے بعد اچانک چیمپئنز ٹرافی میں شامل کرلیا گیا، مگر انہیں کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ اسی طرح عرفان خان نیازی اور عباس آفریدی جیسے باصلاحیت کھلاڑی بھی سلیکشن کے معیار پر پورا نہ اتر سکے۔
پاکستانی ٹیم نہ صرف بھارت کے خلاف تینوں آئی سی سی ایونٹس میں ناکام رہی، بلکہ امریکا، آئرلینڈ اور زمبابوے جیسی کمزور ٹیموں سے بھی شکست کھا چکی ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے پاکستان کو اسی کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔ 6 ماہ کے دوران دو غیر ملکی کوچز، گیری کرسٹن اور جیسن گلسپی، ناراض ہو کر استعفیٰ دے چکے ہیں۔ موجودہ کوچ عاقب جاوید کو عبوری طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ ٹیم کے ناقص انتخاب، غیر مستقل قیادت اور انتظامی مسائل نے پاکستان کی کرکٹ کو بحران میں دھکیل دیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی میں شکست کے بعد اب پاکستان کرکٹ بورڈ کو سخت فیصلے لینا ہوں گے۔ سلیکشن پالیسی میں بہتری، کپتانی میں استحکام اور مینجمنٹ کے درست فیصلے ہی پاکستان کرکٹ کو بحران سے نکال سکتے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پی سی بی اس ناکامی سے کیا سبق سیکھتا ہے؟