دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا، جس میں دنیا بھر کے مشہور کرکٹ مبصرین اور سابق کھلاڑی شامل ہیں۔ اس فہرست میں پاکستان کے چار نامور سابق کرکٹرز بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
میگا ایونٹ کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، جس کا افتتاحی میچ میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی نے ایونٹ کی نشریات کو مزید دلچسپ اور معلوماتی بنانے کے لیے تجربہ کار کمنٹیٹرز پر مشتمل پینل تشکیل دیا ہے، جو دورانِ میچ اپنی ماہرانہ رائے اور تجزیے پیش کریں گے۔ چیمپئنز ٹرافی کے کمنٹری پینل میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے وسیم اکرم، رمیز راجا، بازید خان اور اطہر علی خان کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ تمام کمنٹیٹرز اپنی منفرد اور جاندار کمنٹری کے لیے مشہور ہیں اور عالمی سطح پر اپنی مہارت کا لوہا منوا چکے ہیں۔
پاکستانی کمنٹیٹرز کے علاوہ دیگر عالمی شہرت یافتہ مبصرین بھی ایونٹ کی نشریات کا حصہ ہوں گے، جن میں بھارت کے سنیل گواسکر، روی شاستری، ہرشا بھوگلے، دنیش کارتک انگلینڈ کے ناصر حسین، مائیکل ایتھرٹن، آئن اسمتھ آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن، ایرون فنچ، نیوزی لینڈ کے سائمن ڈول ویسٹ انڈیز کے آئن بشپ اور جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین اور شان پولاک شامل ہیںان کے علاوہ اطہر علی خان، میل جانسن، مپوملیلو مبانگوا، کیس نائیڈو، کیٹے مارٹن اور آئن وارڈ بھی کمنٹری ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
یہ تمام کمنٹیٹرز چیمپئنز ٹرافی کے دوران میچ کے تجزیے، کھلاڑیوں کی کارکردگی پر تبصرے اور کرکٹ کے تکنیکی پہلوؤں پر گہری بصیرت فراہم کریں گے، جو شائقین کرکٹ کے لیے ایونٹ کو مزید پرجوش بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے کرکٹ شائقین میں بے حد جوش و خروش پایا جا رہا ہے، اور اس ٹورنامنٹ کی کوریج کو بہترین بنانے کے لیے آئی سی سی نے اپنی پوری کوشش کی ہے کہ بہترین کمنٹیٹرز کو شامل کیا جائے۔