دبئی۔ انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے اس خبر کی تصدیق کردی ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر جیکب بیتھل ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے باہر ہو گئے ہیں۔ جیکب بیتھل، جنہوں نے ستمبر 2024 میں انگلینڈ کے لیے ون ڈے ڈیبیو کیا تھا، بھارت کے خلاف ناگپور میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے۔ انجری کے باعث وہ بھارت کے خلاف بقیہ تین میچز سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔ انگلینڈ نے ان کی جگہ ٹام بینٹن کو دوسرے ون ڈے سے قبل اسکواڈ میں شامل کیاتھا۔ بھارت کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شکست کے بعد جوز بٹلر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ جیکب چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو چکے ہیں۔ یہ واقعی افسوسناک خبر ہے کیونکہ وہ ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور انہوں نے گزشتہ میچ میں اچھا پرفارم کیا تھا۔
ابھی تک انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم آنے والے دنوں میں بیتھل کی انجری کی شدت اور ان کی بحالی کے عمل سے متعلق مزید معلومات سامنے آنے کی توقع ہے۔