لاہور وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں نو تعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سابق چیئرمین نجم سیٹھی، ذکا اشرف، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے تقریب کے دوران مختلف سرکاری محکموں کے حکام کو تعریفی شیلڈز بھی پیش کیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج پاکستان کے لیے ایک خوشی کا دن ہے کہ قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو شاندار طریقے سے مکمل ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کی قیادت میں مزدوروں اور کنٹریکٹرز نے اس منصوبے کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا، جس کے لیے وہ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسٹیڈیم کی تعمیر نو میں اہم کردار ادا کیا، اور اس شاندار منصوبے کی تکمیل کے لیے پنجاب حکومت کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز اسپیڈ ماضی کی بات ہے، اب میں ‘محسن اسپیڈ’ کی بات کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پوری قوم کا دل جیتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھی پاکستانی ٹیم شاندار کھیل پیش کرے گی اور بھارت کو شکست دے کر 24 کروڑ عوام کے دل جیتے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ہم سب اس لمحے کے منتظر ہیں جب پاکستان بھارت کو شکست دے گا اور چیمپئنز ٹرافی جیتے گا۔ ان شاءاللہ یہ ٹرافی پاکستان کی جھولی میں آئے گی۔”
تقریب میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ "چار ماہ قبل وزیراعظم نے اسٹیڈیم کا سنگِ بنیاد رکھا تھا، اور ہمارا ہدف تھا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل اس کی تعمیر مکمل کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ 2,500 مزدوروں نے دن رات محنت کرکے صرف 117 دنوں میں اسٹیڈیم کی تعمیر مکمل کی، اور اس میں ایف ڈبلیو او نے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان آرمی کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "اگر آرمی مدد نہ کرتی تو یہ پروجیکٹ اتنے مختصر وقت میں مکمل نہ ہو پاتا۔”
پاکستان میں تقریباً 30 سال بعد ایک بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ ہونے جا رہا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی 2025 کا باضابطہ آغاز 19 فروری کو کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔ چیمپئنز ٹرافی کے کچھ میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی ہوں گے کیونکہ بھارت نے پاکستان آکر کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد پاکستان اور بھارت کے میچز سمیت بھارت کے تمام میچز یو اے ای میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان اور بھارت کا میچ 23 فروری کو دبئی میں ہوگا۔ ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو شیڈول ہے، لیکن اگر بھارت فائنل میں پہنچا تو میچ پاکستان میں نہیں ہوگا۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان کے لیے ایک یادگار ایونٹ ثابت ہوگی اور قومی ٹیم اس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔