آئی سی سی رینکنگ، کئی مہینوں کی غیر موجودگی کے باوجود فخر زمان کی قسمت مہربان
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنی تازہ ترین رینکنگ کا اعلان کردیا ہے، جس میں فخر زمان نے کچھ عرصے تک کھیل سے باہر رہنے کے باوجود ایک درجہ ترقی حاصل کی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے شائع کی گئی ٹیسٹ رینکنگ میں، فخر زمان نے 623 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے 17ویں نمبر پر پہنچنے میں کامیابی حاصل کی ہے، حالانکہ وہ کئی مہینوں سے ایکشن میں نظر نہیں آئے۔
ٹیسٹ رینکنگ میں، امام الحق، محمد رضوان، اور صائم ایوب نے اپنی پوزیشنز محفوظ رکھی ہیں اور بالترتیب 20، 22، اور 23ویں نمبر پر موجود ہیں۔
ون ڈے انٹرنیشنل
جب ایک روزہ کرکٹ کی رینکنگ کی بات کی جائے تو بابر اعظم اب بھی پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ روہت شرما اور شبھمن گل دوسرے اور تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
بولنگ رینکنگ میں، حارث رؤف 585 پوائنٹس کے ساتھ 18ویں نمبر پر ہیں، جبکہ نسیم شاہ ترقی کے بعد 50ویں، اور وسیم جونیئر دو درجے ترقی کے بعد 59ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ محمد نواز جیسے تھے، 72ویں نمبر پر اپنی جگہ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
شاہین افریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے، جبکہ ان کی جگہ سری لنکا کے مہیش تھیکشانا نے حاصل کی ہے۔
افغانستان کے راشد خان اور بھارت کے کلدیپ یادوو پہلی اور دوسری پوزیشن پر نظر آ رہے ہیں۔
ٹی 20 رینکنگ
ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں بابر اعظم نے چھ درجے ترقی کی ہے اور وہ اپنے ساتھی وکٹ کیپر محمد رضوان کے ساتھ ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے ہیں، جبکہ صائم ایوب کی 57ویں پوزیشن برقرار رہی۔
رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹراوس ہیڈ پہلے، انگلینڈ کے فل سالٹ دوسرے، اور بھارت کے تلک ورما تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی 20 رینکنگ میں، شاہین آفریدی ترقی کے بعد 21ویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب رہے، جبکہ حارث رؤف اور عباس آفریدی دو درجے تنزلی کے بعد بالترتیب 29 اور 44 نمبر پر آگئے ہیں۔