لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں نئے سال کی رات آتشبازی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، اور اس حوالے سے انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے اعلان کیا کہ نئے سال کی خوشی میں آتشبازی کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کے مطابق یہ اقدام فضا میں آلودگی کو کم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ سموگ کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو سموگ کے مضر اثرات سے بچانے پر زور دیا اور صحت کا خیال رکھنے کو اولین ترجیح قرار دیا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فضائی آلودگی شہریوں میں صحت کے مسائل پیدا کر سکتی ہے، اس لیے صاف اور محفوظ ماحول کے لیے سخت اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔