لاہور:رجب المرجب کا چاند دیکھنے کے حوالے سے رویتِ ہلال کے حکام نے وقت کی پیشگوئی کر دی ہے۔
رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق، 29 جمادی الثانی، بروز بدھ، یکم جنوری 2025 کی شام، صاف موسم کی صورت میں نئے چاند کو بہ آسانی دیکھا جا سکے گا۔
انہوں نے بتایا کہ رجب المرجب کا پہلا دن جمعرات، 2 جنوری کو ہوگا۔ نیا چاند پاکستانی وقت کے مطابق منگل، 31 دسمبر 2024 کی صبح 3 بج کر 27 منٹ پر نمودار ہو گا، اور 29 جمادی الثانی، بدھ یکم جنوری 2025 کی شام تک، چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 37 گھنٹوں سے زیادہ ہوگی، جو رویت کے لیے درکار کم از کم 19 گھنٹوں کی شرط کو پورا کرتی ہے۔
اس کے علاوہ، غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان کا فرق، جو کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیے، مختلف علاقوں میں یوں ہوگا: گلگت اور مظفرآباد میں 80 منٹ، چارسدہ، پشاور، راولپنڈی، اور لاہور میں 81 منٹ، کوئٹہ میں 83 منٹ، جب کہ کراچی اور جیوانی میں سب سے زیادہ 85 منٹ ہوگا۔
مزید وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ان تمام مقامات پر جہاں آسمان صاف ہوگا، وہاں بدھ، یکم جنوری کی شام چاند دیکھنا آسان ہوگا۔