60 ارب ڈالرز کا ہدف ، وزیراعظم آج اہم پروگرام کا اعلان کرینگے
اسلام آباد:وزیرِاعظم شہباز شریف آج 31 دسمبر کو’’اُڑان پاکستان‘‘پروگرام کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ وزارتِ منصوبہ بندی کے مطابق یہ منصوبہ پانچ سالہ اقتصادی حکمت عملی پر مشتمل ہوگا، جو 2024 سے 2029 تک جاری رہے گا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت اس پروگرام کے تحت 2029 تک سالانہ برآمدات کو 60 ارب ڈالرز تک بڑھانے کا ہدف رکھتی ہے۔ اس کے ساتھ، ہر سال ہزاروں آئی ٹی گریجویٹس کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جائے گا تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی ہو سکے۔
اُڑان پاکستان کا مقصد یہ ہے کہ 2035 تک ملکی معیشت کو 1000 ارب ڈالرز کی بنیاد فراہم کی جائے۔ اس کے تحت شرح خواندگی میں اضافہ، غربت میں کمی، اور تعلیم کے فروغ کو یقینی بنایا جائے گا۔
خاص طور پر آئی ٹی برآمدات کو اس پروگرام میں مرکزی اہمیت دی گئی ہے تاکہ پاکستان ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکے۔