ملک بھر میں سونا ایک بار پھر سستا ہو گیا ہے۔ پچھلے دو روز سے سونے کی قیمت میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مقامی اور عالمی منڈیوں میں سونے کا بھاؤ کم ہو گیا ہے۔ پاکستانی نجی ٹی وی چینل کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونا 8 ڈالر کمی سے فی اونس 2082 ڈالر کی قیمت پر آ گیا ہے۔
دوسری جانب مقامی مارکیٹ میں سونا 900 روپے کمی سے 2 لاکھ 20 ہزار روپے فی تولہ کی قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔ دس گرام سونے کی قیمت771 روپے سے کم ہو کر ایک لاکھ 88 ہزار 615 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں بڑی کمی دیکھنے کو ملی تھی۔
نئے سال کی آمد سے قبل رواں سال کاروبار کے آخری روز شادی کے خواہشمند حضرات کو بڑی خوشخبری ملی تھی۔ سونے کی قیمت میںاتنی کمی آگئی تھی کہ دل خوش ہو جائے۔ ڈالر کی مندی اور روپے کی قدر کے اثرات سونے کی قیمت میں بھی واضح طور پر ظاہر ہو رہے تھے۔
گزشتہ روزملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1900 روپے کی بھاری کمی واقع ہوئی تھی۔آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق1900 روپے کی کمی کے بعد فی تولہ سونا 2 لاکھ 20 ہزار نو سو روپے کا ہوگیا تھا۔ تاہم دس گرام سونے کی قیمت 1629 روپے کم ہوکر ایک لاکھ 89 ہزار 386 روپے پر آگئی تھی۔ عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 15 ڈالر کم ہوکر 2070 ڈالر فی اونس تھا۔