سکردو میں موسم سرما کی دوسری برفباری، درجہ حرارت منفی 18
سکردو: سکردو اور آس پاس کے علاقوں میں رواں موسمِ سرما کی دوسری برف باری جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، سکردو کے میدانی علاقوں میں 3 انچ جبکہ بالائی علاقوں میں ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ برف باری کے باعث سردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ میدانی علاقوں کا درجہ حرارت منفی 13 جبکہ بالائی علاقوں میں منفی 18 ڈگری تک گر چکا ہے۔
شدید برف باری کی وجہ سے 90 فیصد بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ سکردو سے منقطع ہو گیا ہے اور قومی ایئرلائن کی پروازیں بھی معطل کر دی گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، یہ برف باری اگلے 24 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہے۔