پاکستان میں 5 ہزار کا نوٹ بندکرنے کی تجویز کیوں دی گئی؟
اسلام آباد:ملک میں 5 ہزار روپے کے نوٹ کی بندش کے حوالے سے ایک بار پھر بحث شروع ہو گئی ہے۔ یہ معاملہ نہ صرف عوامی سطح پر بلکہ حکومتی حلقوں میں بھی زیر غور رہا ہے۔
ماضی میں مختلف سیاستدانوں اور حکام نے کرپشن اور دیگر مسائل کی وجہ سے 5 ہزار کے نوٹ پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم اسٹیٹ بینک نے چند ماہ قبل وضاحت کی تھی کہ ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔
گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں رکن محسن عزیز نے دوبارہ یہ تجویز دی کہ 5 ہزار کا نوٹ بند کر دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس چوری روکنے کے لیے یہ قدم انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسے فیصلے لیے جائیں جو قابل عمل ہوں اور ان سے مثبت نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
یاد رہے کہ اگست میں ہونے والے ایک اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بینک نے واضح کیا تھا کہ 5 ہزار روپے کے نوٹ کو ختم کرنے کے حوالے سے کوئی منصوبہ زیر غور نہیں اور اس قسم کی تجاویز ماضی میں بھی پیش کی جا چکی ہیں، لیکن انہیں مسترد کر دیا گیا تھا۔