گیس بحران کا شکار پاکستانی عوام کے لیے خوشخبری
اسلام آباد:گیس بحران کا شکار پاکستانی عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان گیس کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم معاہدہ طے پایا ہے۔ یہ معاہدہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور آذربائیجان کی سوکار کمپنی کے درمیان گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ سطح پر ہوا ہے۔
معاہدے کی تفصیلات کے مطابق، اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری کے بعد یہ معاہدہ طے پایا۔ پی ایس او نے معاہدے کی معلومات پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو فراہم کر دی ہیں۔ حکام کے مطابق، پی ایس او کو وزارت توانائی کی جانب سے 3 دسمبر کو معاہدے پر دستخط کی اجازت ملی، اور 24 دسمبر کو سوکار کے ساتھ معاہدے کی حتمی منظوری دی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ توانائی کے شعبے میں ایک بڑا قدم ہے اور اس کے تحت گیس کی سپلائی کو وقت مقررہ پر مکمل کیا جائے گا۔
پاکستان کئی سالوں سے گیس بحران کا شکار ہے، خاص طور پر سردیوں میں یہ مسئلہ شدت اختیار کر لیتا ہے۔ موجودہ موسم سرما میں بھی گیس کی شدید کمی کی وجہ سے شہریوں کو محدود اوقات میں گیس فراہم کی جا رہی ہے، جب کہ کئی علاقوں میں مکمل بندش کی شکایات ہیں۔
مزید یہ کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے حالیہ دنوں میں خبردار کیا ہے کہ قدرتی گیس کے ذخائر میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جس سے بحران مزید بڑھ سکتا ہے۔