مدارس رجسٹریشن پر مولانا فضل الرحمان کا دیرینہ مطالبہ تسلیم
کراچی:وفاقی کابینہ نے مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کا دیرینہ مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے صدارتی آرڈیننس جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
یہ فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں کئی اہم امور پر منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 1860ء میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔
اس کے ساتھ ہی، کابینہ نے ریونیو ڈویژن کی سفارش پر انکم ٹیکس آرڈیننس 2024ء میں بینکنگ کمپنیوں سے متعلق ترامیم کی منظوری دے دی۔
مزید برآں، وزارت موسمیاتی تبدیلی کی سفارش پر کاربن مارکیٹ میں تجارت کے لیے پالیسی گائیڈلائنز کی منظوری دی گئی ہے، جو ماحولیاتی بہتری کی جانب اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔
کابینہ نے معزز پشاور ہائی کورٹ کے احکامات اور وزارت قانون کی سفارش پر خیبرپختونخوا کے تمام ڈسٹرکٹ اور سیشن ججز کو انشورنس ٹریبیونل کے اضافی اختیارات تفویض کرنے کی بھی اجازت دے دی۔