پاسپورٹ کا انتظار ختم، ڈی جی پاسپورٹس نے بڑا اعلان کر دیا
اسلام آباد:ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پاسپورٹس کی تاخیر ختم کر دی گئی ہے۔ یکم جولائی سے اب تک 33 لاکھ سے زیادہ پاسپورٹس پرنٹ کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہری اب اپنے پاسپورٹس بغیر انتظار کے قریبی دفتر سے حاصل کر سکتے ہیں، اور پاسپورٹس کی بروقت ترسیل کا عمل جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی نے ملک بھر میں پاسپورٹس کے بیک لاگ کے خاتمے کا اعلان کیا ہے۔
ڈی جی پاسپورٹس نے اچانک پاسپورٹ پروڈکشن یونٹ کا دورہ کیا اور پاسپورٹس کی پرنٹنگ اور اجراء کے عمل کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یکم جولائی سے اب تک 33 لاکھ 76 ہزار 510 پاسپورٹس کی ریکارڈ تعداد میں پرنٹنگ مکمل کی جا چکی ہے، جن میں نارمل کیٹگری کے 7 لاکھ 76 ہزار 451 اور ارجنٹ کیٹگری کے 18 لاکھ 96 ہزار 403 پاسپورٹس شامل ہیں۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق، فاسٹ ٹریک کیٹگری کے 7 لاکھ 3 ہزار 656 کیسز پر کام مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروڈکشن ٹیم نے دن رات محنت کرکے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب شہریوں کو میسج یا ای میل کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں، وہ اپنے قریبی ریجنل پاسپورٹ دفتر سے پاسپورٹ وصول کر سکتے ہیں۔ تمام دفاتر میں پاسپورٹس کی ترسیل مکمل ہو چکی ہے اور بروقت اجراء کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔