سرکاری حج سکیم کے تحت 64 ہزار پاکستانی حاجی حج کی سعادت حاصل کریں گے البتہ مقررہ تاریخ تک 70 ہزار سے زائد درخواستین جمع ہونے کی وجہ سے پالیسی کے مطابق 28 دسمبر کو قرعہ اندازی کروانے کی تاریخ دی گئی ہے لیکن اب نگران وزیر مذہبی امور و مذہبی ہم آہنگی انیق احمد نے کہا ہے کہ ان کے پاس درخواستگزاروں کیلئے خوشخبری ہے۔
انیق احمد کا کہنا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ تمام درخواست گزار حج کریں۔ سپانسرشپ سکیم کی 25 ہزار سیٹوں پر چند ہزار درخواستین موصول ہوئی ہیں جبکہ 70 فیصد سے زائد کوٹہ خالی رہ گیا ہے جس پر عام حج سکیم والے حجاج کو وہ کوٹہ دیا جا سکتا ہے۔ انیق احمد نے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ سے درخواست کریں گے کہ پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے تمام درخواستگزاروں کو حج پر بھیجا جائے۔ اس سے یہ فائدہ بھی ہوگا کہ پاکستان حکومت کو کم کوٹہ سیرنڈر کرنا پڑے گا۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق قرعہ اندازی نہیں ہو گی اور تمام درخواست گزار حج کر سکیں گے، آئندہ چند روز میں اس فیصلے کا باقائدہ اعلان کردیا جائے گا۔