ڈالر کی قدر میں کمی کے باوجود ضروریات زندگی اور اشیا خورد و نوش کی قیمتوں میں بدستور اضافہ جاری ہے۔ مارکیٹ میں برائلر گوشت کی قیمت تو گزشتہ چند روز سے مستحکم ہے تاہم فارمی انڈوں کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ ہو گیا ہے۔ اس وقت بازار میں فارمی انڈوں کی ایک درجن 420 روپے میں فروخت ہو رہی یے۔ یالکوٹ میں انڈوں کی فی درجن قیمت 410 روپے تک پہنچ گئی جبکہ راولپنڈی، گوجرانوالا، لاڑکانہ اور ملتان میں انڈے 400 روپے فی درجن تک فروخت ہو رہے ہیں۔
لاہور میں فی درجن انڈوں کی سرکاری قیمت تو 364 روپے مقرر کی گئی ہے البتہ دکاندار من مانی قیمت پر انڈے فروخت کررہے ہیں۔ سردیوں کے موسم میں بارش نہ ہونے کی وجہ سے کھانسی اور زکام جیسے امراض وباء کی صورت اختیار کر چکے ہیں اور ایسے میں انڈوں کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے جس کا ناجائز فائدہ انڈوں کے بیوپاری اٹھا رہے ہیں اور من مانے داموں پر انڈے فروخت کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی واقع ہع گئی ہے۔ پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان آج کے دن بھی برقرار ہے۔ کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ انٹربینک میں آج کاروبار کے دوران ڈالر 17 پیسے سستا ہونے کہ بعد 282 روپے 20 پیسے پرآگیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 16 پیسے کی کمی واقع ہوئی تھی ، جس کے بعد امریکی کرنسی ڈالر کا لین دین 282 روپے 37 پیسے پر بند ہوا تھا۔