پاکستان پیپلز پارٹی نے پاکستان تحریک انصاف سے بلے کا نشان واپس لینے کی مخالفت کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہینما سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے بلے کا نشان نہیں لیا جانا چاہیے۔ سعید غنی نے کہا ہے کہ انکی خواہش ہے پاکستان تحریک انصاف کے پاس بلے کا نشان رہے اور وہ اس نشان پر پی ٹی آئی کو شکست دیں۔
سعید غنی نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے جو لوگ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں، ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے تاہم میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان تحریک انصاف کے نشان کے ساتھ جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے۔
لیاری کے حوالے سے کیے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے رہنما پی پی سعید غنی نے کہا کہ 2018 میں پاکستان پیپلز پارٹی کو لیاری سے ہرایا گیا تھا لیکن اس بار بلدیاتی انتخابات میں ہم نے لیاری کی 13 میں سے 12 یوسیز پر فتح حاصل کی ہے اور ان میں وہ یوسیز بھی شامل ہیں جو پہلے کبھی پیپلز پارٹی نہیں جیت سکی تھی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی میں اپنی جگہ بنا رہی ہے، بات نئے یا پرانے کی نہیں، پارٹی کی نظر میں جو بہترین امیدوار ہوگا اسے موقع دیا جائیگا۔