صحت کے عالمی ادارے یونیسیف کی تحقیقی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ نوجوان لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیاں ایڈز کے مرض کا زیادہ شکار ہوتی ہیں اور اس تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ یونیسیف کی تحقیقاتی رپورٹ میں واضح طور پر انکشاف کیا گیا ہے کہ سال 2022 میں پوری دنیا میں تقریباً 98,000 نوعمر خواتین میں ایچ آئی وی وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔ اس رپورٹ میں مزید بتایاگیا ہے کہ دنیا بھر میں ہر روز 10 سے 19 سال کی عمر کے درمیان والی 384 خواتین ایچ آئی وی سے متاثر ہوتی ہیں۔
شعبہ میڈیسن کی ایک خاتون پروفیسر اور سان فرانسسکو میں یو سی ایس ایف جنرل ہسپتال میں ایچ آئی وی متعدی امراض اور گلوبل میڈیسن ڈویژن کی ایسوسی ایٹ چیف، ڈاکٹر مونیکا گاندھی نےاس حوالے سے بتایا ہے کہ ثقافتی اور اقتصادی عوامل کا امتزاج خواتین کے ایچ آئی وی کیسز کی بڑھتی تعداد کی بنیادی وجوہات میں سے ایک ہے۔ یہ وجہ لڑکیوں کو زبردستی جنسی تعلقات کے لیے انتہائی غیر محفوظ بنادیتا ہے۔ خاتون ڈاکٹر نے مزید کہا کہ اس میں معاشی حالات بھی شامل ہیں جن کی وجہ سے نوجوان لڑکیاں پیسے یا خوراک حاصل کرنے کے لیےجنسی تعلق قائم کرنے پر آمادہ اور کئی بار مجبور ہوجاتی ہیں۔