سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کے گھر میں دھماکے کی اطلاعات ملی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے پھینکے گئے دستی بم کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے کے باعث گھر کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں جبکہ دھماکے والی جگہ پر گڑھا بن گیا ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں گھر کے گیٹ پر تعینات سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر میں زور دار دھماکہ ہوا ہے۔ لاہور کے علاقے گارڈن ٹاون میں واقعے ثاقب نثار کے آبائی گھر پر 2 نامعلوم موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں کی جانب سے دستی بم پھینکنے کے نتیجے میں گھر کے گیراج میں دھماکہ ہوا، دھماکے کے نتیجے میں گھر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، گیراج میں گڑھا پڑ گیا، گیراج میں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
دھماکے کے بعد پولیس فوری طور پر سابق چیف جسٹس کے گھر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں سابق چیف جسٹس کے گھر کے گیٹ پر تعینات پولیس اہلکار اور گارڈز زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکے کے وقت ثاقب نثار اپنے اہلخلانہ کے ہمراہ گھر میں ہی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق میاں ثاقب نثار کے بیٹے کو کچھ عرصے سے دھمکیاں بھی موصول ہورہی تھیں جبکہ ان کے گھر پر تعینات سیکورٹی جس میں رینجرز بھی شامل تھی، اسے بھی پہلے ہی ہٹایا جا چکا ہے۔