عام انتخابات 2024، عمران خان نے قوم کے نام اہم پیغام جاری کردیا۔ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کارکنان اور عوام کے نام پیغام جاری کردیا ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ ووٹ ہمارا بنیادی دستوری، قانونی اور جمہوری حق ہے، کارکنان اور عوام 8 فروری کے انتخاب کی تیاری کریں، عوام کسی کو اپنے ووٹ کے بنیادی حق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہ دیں اور اپنے ووٹ کو محفوظ طریقے سے فیصلے میں ڈھالنے کا اہتمام کریں، انتخابات میں التواء یا ان کی شفافیت پر کسی قسم کا حملہ ملک کے مفاد میں نہیں، کارکنان اور عوام مل کر ایسے حملوں کی راہ روکنے کی منصوبہ بندی کریں، پاکستان کو تباہی و لاقانونیت کے اندھیروں میں دھکیلنے والے باہم مل کر بھی انتخاب میں تحریک انصاف اور اس کی پشت پر کھڑے عوام کو شکست نہیں دے سکتے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے ”بلّے“ کے انتخابی نشان کے فوری اجراء کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ صاف، شفاف انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد کے بعد لیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس تحریک انصاف کو ”بلّے“ کے نشان سے محروم رکھنے کاکوئی آئینی و قانونی جواز نہیں، ”بلّے“ کا نشان روک کر انعقاد سے پہلے انتخابات کی شفافیت کا جنازہ نکالنے کی بجائے الیکشن کمیشن کروڑوں ووٹرز کی سیاسی شناخت یعنی ”بلّے“ کا انتخابی نشان جاری کرے، ۔ ظلم، جبر، فسطائیت اور شفافیت سے محروم ماحول سے خوفزدہ ہونے کی بجائے پوری تیاری اور دلجمعی سے میدان میں اتریں گے اور اللہ کے فضل سے ناقابلِ تصوّر کامیابی حاصل کریں گے۔
کورکمیٹی تحریک انصاف نے کہا ہے کہ قوم اپنے ووٹ کے تقدس، حرمت اور اہمیّت کے پیشِ نظر پوری طرح چوکس اور تیار ہوجائے، 8 فروری کو ملکی تاریخ و سیاست کو اِک نئی ڈگر پر ڈالیں گے، ممتاز ماہرِ قانون، سینئر سیاستدان اور سابق گورنر پنجاب سردار لطیف خان کھوسہ کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہیں۔