ملک میں انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کا شیڈیول جاری کیے جانے کے بعد تمام جماعتیں الیکشن کی تیاریاں کر رہی ہیں۔ ایسے میں سابق وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کی تین نشستوں سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سربراہ پی ٹی آئی عمران خان لاہور، اسلام آباد اور اپنے آبائی حلقے میانوالی سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024ء کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ عام انتخابات کے لیے 20 سے 22 دسمبر تک امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے۔ امیدواروں کے ناموں کی فہرست 23 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔ 24 دسمبر سے 30 دسمبر تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی۔ 3 جنوری 2024ء کو کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے پر اپیلوں کی سماعت ہوگی۔
شیڈیول کے مطابق 10 جنوری 2024ء کو اپیلوں پر اپیلٹ اتھارٹی کے فیصلوں کا آخری روز ہوگا۔ 11 جنوری 2024 کو امیدواروں کی نظرثانی فہرست جاری کی جائے گی۔ 12 جنوری 2024ء کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی۔ 13 جنوری 2024ء کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ ہوں گے۔ عام انتخابات کے لیے پولنگ 8 فروری 2024ء بروز جمعرات کو ہوگی۔