پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عباد فاروق کی جگہ انکی والدہ کی جانب سے الیکشن میں حصہ لینے کا امکان سامنے ایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پارٹی کی جانب سے میاں عباد فاروق کے بھائی اور بیوی کو کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی ہدایت کی گئی، خاندان نے والدہ کو الیکشن لڑوانے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ میاں عباد فاروق اس وقت 9 مئی کے سانحہ مین ملوث ہونے کے الزام میں جیل میں قید ہیں۔ پہلے کہا گیا تھا کہ عباد فاروق جیل سے الیکشن لڑیں گے لیکن اب ذرائع کا کہنا ہے کہ عباد فاروق کی والدہ الیکشن میں حصہ لیں گی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024ء کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ عام انتخابات کے لیے 20 سے 22 دسمبر تک امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے۔ امیدواروں کے ناموں کی فہرست 23 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔ 24 دسمبر سے 30 دسمبر تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی۔ 3 جنوری 2024ء کو کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے پر اپیلوں کی سماعت ہوگی۔
شیڈیول کے مطابق 10 جنوری 2024ء کو اپیلوں پر اپیلٹ اتھارٹی کے فیصلوں کا آخری روز ہوگا۔ 11 جنوری 2024 کو امیدواروں کی نظرثانی فہرست جاری کی جائے گی۔ 12 جنوری 2024ء کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی۔ 13 جنوری 2024ء کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ ہوں گے۔ عام انتخابات کے لیے پولنگ 8 فروری 2024ء بروز جمعرات کو ہوگی۔