نظام کو بچانے کا حل عمران خان کے ہاتھ میںہے:علی محمد خان
لاہور: تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ موجودہ سیاسی نظام کو بحران سے نکالنے کے لیے بیل آؤٹ کی ضرورت ہے، اور یہ صرف عمران خان کے ہاتھ میں ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کے ایم پی ایز کو سخت مشکلات کا سامنا ہے اور ہم اس معاملے کو اسمبلی میں اٹھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے بانی نے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور اب بال حکومت کی کورٹ میں ہے۔ ان کے مطابق اگر حکومت اس مسئلے کا کوئی حل نکالنا چاہتی ہے تو انہیں پہل کرنی چاہیے۔
علی محمد خان نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں تصادم کی بجائے بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل نکالنا چاہیے، اور موجودہ نظام کو بیل آؤٹ کی ضرورت ہے جس کا حل عمران خان کے پاس ہے۔ نومئی کے واقعے پر الزامات کا سامنا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کبھی بھی حکومت سے اس حوالے سے مذاکرات کی درخواست نہیں کی، بلکہ ہم تو حکومت سے کہہ رہے ہیں کہ نومئی کے واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی بننے کے باوجود حکومت نے ابھی تک اپنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل نہیں دی۔ سینیٹر عرفان صدیقی سے ایسی ہارڈ لائن کی توقع نہیں تھی، جس کے باعث کنفیوژن پھیل رہی ہے۔