ہاؤسنگ سیکٹر کے فروغ کے لیے 11 رکنی ٹاسک فورس تشکیل
وزیراعظم شہباز شریف نے ہاؤسنگ سیکٹر کی ترقی کے لیے 11 رکنی خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی ہے، جو ایک ماہ میں اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی۔
یہ ٹاسک فورس وفاقی وزیر ہاؤسنگ کی سربراہی میں کام کرے گی، جس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے ریوینیو، ڈی جی ویلفیئر اینڈ ری ہیبلیٹیشن پاکستان آرمی میجر جنرل دلاور خان، چیئرمین ایف بی آر اور ڈی جی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی شامل ہیں۔
مزید برآں، ہاؤسنگ سیکٹر کے مختلف ماہرین کو بھی اس ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹاسک فورس ہاؤسنگ کے شعبے میں ترقی کے لیے ایک جامع فریم ورک تیار کرے گی۔ یہ فورس اربن منصوبہ بندی کی پالیسیوں میں اصلاحات تجویز کرے گی اور ہاؤسنگ کے موجودہ محصولاتی نظام کے اثرات کا جائزہ لے کر درآمدی مصنوعات پر ٹیکس میں کمی کی پالیسی بھی بنائے گی۔
علاوہ ازیں، ٹاسک فورس ہاؤسنگ سیکٹر میں ممکنہ مراعات کا تجزیہ کرے گی اور اپنی سفارشات وزیراعظم کو ایک ماہ کے اندر پیش کرے گی۔