عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہونے جا رہے ہیں اس حوالے الیکشن شیڈیول کا بھی اعلان کردیا گیا ہے جبکہ انتخابات کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔ چند روز قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں اسسٹنٹ کمشرنز، ڈپٹی کمشنرز اور کمشنرز کے تبادلوں پر پابندی عائد کردی تھی اور آج الیکشن کمیشن کے افسران اور ملازمین کی چھٹیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹوں کے اندراج، اخراج، تبدیلی اور درستی پر پابندی لگا دی ہے جبکہ افسران و ملازمین اور آر اوز کی چھٹیوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام افسران کی ٹرانسفر، پوسٹنگ پر پابندی عائد کردی تھی۔ الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور چاروں چیف سیکرٹریز کو مراسلہ ارسال کردیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ڈی آر اوز، آر اوز اور اے آر اوز کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے، کسی بھی متعلقہ افسر کو تبدیل نہ کیا جائے نہ ہی چھٹی کی درخواست منظور کی جائے۔