مریم نواز چین سے پاکستان کی تقدیر بدلنے والے معاہدے کر کے آئی ہیں:عظمیٰ بخاری
لاہور :پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز پاکستان کی تاریخ کی واحد وزیراعلیٰ ہیں جنہیں چین میں ہیڈ آف اسٹیٹ کا پروٹوکول دیا گیا۔ کچھ لوگ پورے دورِ حکومت میں اہم فون کال کے انتظار میں رہے مگر ناکام رہے۔ عظمیٰ بخاری نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مریم نواز 8 سے 15 دسمبر کے درمیان چین کے سرکاری دورے پر گئیں جہاں انہوں نے چار شہروں کا دورہ کیا اور اہم ملاقاتیں کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چین کے گورننس سسٹم میں مسلم لیگ (ن) کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا۔ چین کے صدر شی جن پنگ کے بعد وائس چیئرمین سب سے اہم عہدہ رکھتے ہیں اور ان کی مریم نواز سے 30 منٹ کی ملاقات طے تھی، لیکن انہوں نے ایک گھنٹے کا وقت دیا۔ چین میں مریم نواز کو مستقبل کی بڑی لیڈر کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز نے زرعی آلات بنانے والی ایک بڑی کمپنی کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے دنیا کی جدید روبوٹک ٹیکنالوجی دیکھی۔ اب یہی ٹیکنالوجی پاکستانی کسانوں کو میسر ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے چین کو پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کام کرنے کی دعوت دی اور وہاں سے 700 کے قریب الیکٹرک بسیں خریدنے کا معاہدہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں پانچ سالہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے کی تمام ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل کیا جائے گا۔ جلد ہی الیکٹرک بسوں کا پہلا بیڑا لاہور پہنچے گا اور شہر میں چارجنگ اسٹیشن بھی قائم کیے جائیں گے۔
وزیراطلاعات نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے چین کی جنکو کمپنی کو پنجاب میں سولر پلانٹ لگانے کی اجازت دی ہے اور 50 کروڑ ڈالر مالیت کے منصوبے صوبے میں شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو سیکیورٹی کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے تاکہ وہ آسانی سے کاروبار کرسکیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے لاہور کو جدید ترین سمارٹ سٹی بنانے کا منصوبہ پیش کیا ہے۔ بہت جلد لاہور ایک جدید سمارٹ سٹی کے طور پر سامنے آئے گا۔ مزید برآں، وزیراعلیٰ چین سے کینسر کے علاج کی جدید ٹیکنالوجی لا رہی ہیں، جس کے تحت نواز شریف کینسر اسپتال ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا۔
اراکین اسمبلی کی تنخواہوں پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2019 میں اراکین کی تنخواہیں بڑھائی گئی تھیں۔ ایک لاکھ 90 ہزار روپے تنخواہ میں گزارا مشکل ہے، جبکہ وزراء ساڑھے 3 لاکھ روپے ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ تاہم وزیراعلیٰ مریم نواز کسی قسم کی تنخواہ نہیں لیتی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بچوں کو ملنے والی الیکٹرک بائیکس کے لیے بھی جلد چارجنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ مریم نواز نے پنجاب کو جدید اور ترقی یافتہ صوبہ بنانے کا عزم کیا ہے۔