حج درخواستوں کی وصولی کا آج آخری دن، وزارت مذہبی امور کا اعلان
اسلام آباد: بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی کا عمل آج (17 دسمبر) کو اختتام پذیر ہو رہا ہے، وزارت مذہبی امور نے آخری دن کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق آج تک موصول ہونے والی تمام درخواستیں ’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘ کی بنیاد پر کامیاب تصور ہوں گی۔ علاوہ ازیں حج واجبات کی دوسری قسط 19 دسمبر سے 27 دسمبر کے دوران نامزد بینکوں میں جمع کرانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
وزارت نے مزید ہدایت کی ہے کہ تمام حج درخواست گزار اپنے اسمارٹ فون پر موبائل ایپ ’پاک حج‘ لازمی ڈاؤن لوڈ کریں تاکہ حج کے حوالے سے نئے اعلانات اور معلومات آسانی سے دستیاب رہیں۔
دوسری جانب بینکوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ آج شام 9 بجے تک تمام موصولہ درخواستیں وزارت کے آن لائن پورٹل پر لازمی اپ لوڈ کر دی جائیں۔
وزارت مذہبی امور نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اگر درخواست میں کوئی خامی یا نامکمل معلومات ہوں تو اس کی تمام تر ذمہ داری درخواست گزار پر ہوگی۔ حکام نے عندیہ دیا ہے کہ واجبات کی دوسری قسط کی وصولی کے بعد اگر خالی نشستیں دستیاب ہوں گی تو ان کے لیے نئی درخواستیں طلب کرنے کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔