الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام افسران کی ٹرانسفر، پوسٹنگ پر پابندی عائد کردی ہے۔ الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور چاروں چیف سیکرٹریز کو مراسلہ ارسال کردیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ڈی آر اوز، آر اوز اور اے آر اوز کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے، کسی بھی متعلقہ افسر کو تبدیل نہ کیا جائے نہ ہی چھٹی کی درخواست منظور کی جائے۔
دوسری جانب نگران حکومت پنجاب نے عام انتخابات سے قبل بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو ایک بار پھر دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار دے دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں قیام امن یقینی بنانے کیلئے دفعہ 144 نافذ کر سکیں گے، ڈپٹی کمشنرز کے پاس دو ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کرنے کا اختیار ہو گا، ڈپٹی کمشنرز کو دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار دینے کیلئے آرڈیننس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل ڈپٹی کمشنرز کو دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار دینے کا آرڈیننس مدت پوری ہونے کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا، آرڈیننس سے قبل دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار پنجاب کابینہ کے پاس تھا۔