پاکستان تحریک انصاف نے ”چھچھورا لیگ“ کے گماشتوں کے بیانات کو انتخابات میں شکست کا خوف شور میں چھپانے کی ناکام کوشش قرار دے دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے انتخابی شیڈیول کے فی الفور اجرا اور غیرجانبدار عدالتی افسران کی بطور انتخابی عملہ تقرریوں کا مطالبہ کردیا ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ شرم، حیا اور عزتِ نفس سے محروم کٹھ پتلیاں چیری بلاسم کی قیادت میں انتخابات سے فرار کیلئے ماحول سازگار بنانے نکلی ہیں، عوام کی بھرپور تائید و حمایت سے تحریک انصاف ہر لحاظ سے فیصلہ کن تاریخی اکثریت کی حامل جماعت بننے کے قابل ہوچکی اور عمران خان ملک کے اگلے وزیراعظم ہوں گے، ان شاء اللہ۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ ریاستی پناہ میں جمہور کی مرضی کے برعکس دستور، جمہوریت اور انتخاب پر کھلے ڈاکے کی پوری تحریک جاتی امرا سے چلائی جارہی ہے، غیرآئینی، غیرجمہوری، غیرسیاسی اور غیر نمائندہ حکمرانوں کے پیروں میں لوٹ کر قبولیت پانے والے مجرموں کی پیشانیوں پر ”بھگوڑوں“ کا عنوان قوم اور تاریخ مل کر چسپاں کر چکے ہیں، پچھلے 20 ماہ مجرموں کے چہروں سے جمہوریت و قانون پسندی اور عوام میں قبولیت و مقبولیت کے نقاب نوچ چکے ہیں، ان 20 مہینوں میں یہ انتخاب سے اتنا بھاگے ہیں کہ الیکشنز ان کیلئے ایک خوفناک تصور، ان کی ”چھیڑ“ بن کر تاریخ دانوں اور سیاسی مزاح نگاروں کے ہاتھ لگ چکی ہے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ جاتی امراء میں مائیں آج کل اپنے بہتّر تہتّر سالہ بچوں کو یہ خوف دلوا کر سلاتی ہیں کہ ”سوجا بیٹا ورنہ، 8 فروری کو کوئی الیکشنز “ کروا دے گا، انتظامی افسران کے ہاتھوں انتخاب ”دودھ کی رکھوالی باگَڑ بِلّوں“ کے سپرد کرنے کے مترادف ہے، کسی طور قبول نہیں کریں گے، انتظامی افسران سے یہ محبت اس مکروہ لندن منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت ملک میں دستور، قانون، جمہوریت کی لاشیں بچھا کر خاندانِ غلاماں کیلئے تخت سجایا جارہا ہے، اکستان تحریک انصاف اور ملک کے 24 کروڑ عوام انتخابات میں ایک روز کی تاخیر بھی گوارا نہیں کریں گے، الیکشن کمیشن انتخابات کے نام پر ملک کو بند کمروں کی کسی نئی سازش کا شکار کرنے کی کوششوں سے باز آئے اور اپنے ذمہ دستوری فرض کو سنجیدگی سے لے، متنازعہ، غیرشفاف اور جھرلو انتخاب ملک و قوم سے دشمنی کے مترادف ہیں، اپنے ووٹ کی حرمت پر کسی طور آنچ نہیں آنے دیں گے۔