چینی کی قیمت میں اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق چینی کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران مزید 10 روپے اضافہ ہو گیا ہے۔ مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 10 روپے اضافے سے چینی 150 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ بعض جگہوں پر چینی 145 روپے جبکہ چند مقامات پر 150 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ دوسری جانب یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی عام مارکیٹ سے مہنگی 155 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔ اس حوالے سے چینی کی قیمت پر دکانداروں کا کہنا ہے کہ منڈی سے 6800 روپے کا تھیلا لاتے ہیں، فی کلو چینی کی مد میں ہمیں صرف ایک دو روپے ہی بچتے ہیں۔
دوسری جانب سونے کی فی تولہ قیمت میں آج 5 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں 24 قیراط فی تولہ سونا 5 ہزار 700 روپے مہنگا ہو گیا ہے جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 18 ہزار 300 روپے کی بلند سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ 10 گرام سونا 4 ہزار 887 روپے مہنگا ہو کر ایک لاکھ 87 ہزار 157 روپے کے ریٹ پر فروخت ہو رہا ہے۔
البتہ ایک اچھی خبر یہ ہے کہ انٹرنشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد کل سے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ پاکستان میں بھی 16 دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اوگرا ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 دسمبر کے بعد آئندہ 15 دنوں کیلئے ڈیزل کی قیمت میں 12روپے جبکہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10روپے کمی کا امکان ہے۔