انٹرنشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد کل سے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ پاکستان میں بھی 16 دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اوگرا ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 دسمبر کے بعد آئندہ 15 دنوں کیلئے ڈیزل کی قیمت میں 12روپے جبکہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10روپے کمی کا امکان ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 7روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 13روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔ نگران وفاقی حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے فائدہ اٹھانے کیلئے متعدد تجاویز پر غور کر رہی ہے۔ نومبر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو پی ایس او کو ایکسچینج ریٹ نقصانات وصولی کیلئے استعمال کی اجازت دی گئی۔
اس وقت پیٹرول کی قیمت 281.34روپے جبکہ ڈیزل 289.79 روپے فی لیٹرکی سطح پر ہے، حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ نئی قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ 15دسمبر کو کرے گی، اطلاق 16 دسمبر سے ہوگا۔شہریوں نے عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر عوام کو ریلیف کا مطالبہ کیا ہے۔