تحریک انصاف کا انتخابی نشان بلا ایک بار پھر خطرے میں پڑ گیا ہے۔ بلے کے انتخابی نشان کے حصول کے لیے ایک اور رجسٹرڈ سیاسی جماعت میدان میں آ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق "ہم عوام پاکستان پارٹی” نے انتخابی نشان بلے کے حصول کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرا دی ہے۔ درخواست میں پارٹی نے موقف اختیار کیا ہے کہ تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن کا انعقاد میں ناکام رہی ہے، بلے کا انتخابی نشان خالی ہے، کسی پارٹی کو دیا گیا نہ ہی کسی پارٹی نے مانگا ہے، تمام رجسٹرڈ جماعتوں کو انتخابی نشان الاٹ ہو چکے، ہماری جماعت کو ابھی تک کوئی انتخابی نشان الاٹ نہیں ہوا، بلے کا انتخابی نشان "ہم عوام پاکستان پارٹی” کو الاٹ کیا جائے۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن میں درخواست چئیرمین "ہم عوام پاکستان پارٹی: محمد امجد چوہدری کی طرف سے دائر کی گئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے 2024 کے انتخابات کے لیے آفیشل سلوگن جاری کردیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر پی ٹی آئی کے نئے سلوگن کا لوگو اور ہیش ٹیگ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے 2024 کے عام انتخابات کیلئے نظام بدلو، پاکستان بدلو کا سلوگن لانچ کیا ہے۔ جس کے لوگو میں زنجیر کو توڑتا ہوا ایک توانا ہاتھ دکھایا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کا 2024 کے انتخابات کے لیے آفیشل سلوگن: #نظام_بدلو_پاکستان_بدلو pic.twitter.com/u1E6CMl3yZ
— PTI (@PTIofficial) December 12, 2023