پاکستان تحریک انصاف نے 2024 کے انتخابات کے لیے آفیشل سلوگن جاری کردیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر پی ٹی آئی کے نئے سلوگن کا لوگو اور ہیش ٹیگ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے 2024 کے عام انتخابات کیلئے نظام بدلو، پاکستان بدلو کا سلوگن لانچ کیا ہے۔ جس کے لوگو میں زنجیر کو توڑتا ہوا ایک توانا ہاتھ دکھایا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کا 2024 کے انتخابات کے لیے آفیشل سلوگن: #نظام_بدلو_پاکستان_بدلو pic.twitter.com/u1E6CMl3yZ
— PTI (@PTIofficial) December 12, 2023
دوسی جانب پاکستان تحریک انصاف نے مکمل یکسوئی سے انتخابات کی تیاریوں کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تنظیمی ڈھانچوں کو انتخابات مدِنظر رکھ کر ہی تمام تر سیاسی سرگرمیاں ترتیب دینے کی خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہے۔ ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ انتخابات سے قبل ”لانگ مارچ“ کی کوئی ضرورت ہے نہ تحریک انصاف نے ایسا کوئی فیصلہ کیا ہے، قومی انتخابات سب سے بڑی اور اہم ترین سیاسی سرگرمی ہے جس کے لئے ہمہ جہت اور موزوں ترین تیاریاں درکار ہیں، کارکنان کور کمیٹی کی جانب سے تنظیمی ڈھانچوں کو دیے گئے اہداف کے تحت ملک بھر میں قومی انتخابات کی بھرپور تیاریاں یقینی بنائیں گے۔
ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کسی قسم کی اشتعال انگیزی، تشدد اور ریاستی اداروں کیخلاف مہم جوئی کی حوصلہ افزائی کرتی ہے نہ یہ ہمارے فلسفۂ و جدوجہد سے مطابقت رکھتا ہے، بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا سیاسی سفر عدمِ تشدد، قانون کی حکمرانی اور پرامن سیاسی جدوجہد کی تابناک مثال ہے۔ تحریک انصاف پرامن سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے ماورائے آہین و قانون یا پرتشدد ذرائع اور وسائل پر یقین رکھتی نہ کسی کو اپنے پلیٹ فارم سے ایسی کسی کوشش کی اجازت دیں گے۔