چینی کی فی کلو قیمت میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملکی مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 12 روپے فی کلو تک اضافہ ہوگیا ہے۔ ہول سیل ٹریڈر کے مطابق چینی کی 100 کلو کی بوری 13200 روپے میں فروخت ہورہی ہے، رواں ماہ کے 8 کاروباری روز میں چینی کے ہول سیل قیمت میں مجموعی طور پر 16 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔
چینی کے ٹریڈرز کے مطابق کے مطابق شوگر ملز مالکان نے چینی کی سپلائی شارٹ کردی ہے جس کی وجہ سے قیمت بڑھی ہے جبکہ چینی کی ایکسپورٹ کی خبروں کی وجہ سے بھی اسکی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں آج مثبت رجحان دیکھا گیا ہے جس کے دوران 290 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ روز بازارِ حصص میں مندی دیکھی گئی تاہم آج کاروبار کے دوران 100 انڈیکس 296 پوائنٹس اضافے سے 66 ہزار 308 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی، 100 انڈیکس 211 پوائنٹس کمی کے ساتھ 66 ہزار 12 پوائنٹس پر بند ہو گیا تھا۔
اس کے ساتھ ساتھ انٹر بینک میں ڈالر 49 پیسے سستا ہو کر 283 روپے 40 پیسے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ ڈالر اور سونے کی قیمت میں کمی کے بعد 16 دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 16 دسمبر سے ہوگا۔ دوسری جانب سونا بھی سستا ہو گیا ہے۔