شہریوں کے لئے مفت سولر سکیم کا آغاز
لاہور: پنجاب حکومت نے عوامی فلاح کے لیے مفت سولر اسکیم کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو جدید سولر سسٹمز فراہم کیے جائیں گے۔ اس منصوبے کا مقصد توانائی کی بچت اور بجلی کے بلوں میں کمی ہے۔ اسکیم کے تحت وہ صارفین جو ماہانہ 200 یونٹ بجلی استعمال کرتے ہیں، انہیں 1,100 واٹ کے سولر پینلز دیے جائیں گے، جبکہ 100 یونٹ یا اس سے کم بجلی خرچ کرنے والے صارفین کو 550 واٹ کا سولر سسٹم مہیا کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق، اسکیم کے تحت 52,019 گھرانوں کو 550 واٹ کے سولر سسٹمز فراہم کیے جائیں گے، جبکہ 1,100 واٹ کے سولر پینلز ان صارفین کے لیے مختص ہیں جو زیادہ سے زیادہ 200 یونٹ بجلی استعمال کرتے ہیں۔ صارفین اسکیم میں شرکت کے لیے حکومت کے متعارف کردہ آن لائن پورٹل پر درخواست دے سکتے ہیں یا 8800 پر ایس ایم ایس کے ذریعے اپنی تفصیلات ارسال کر سکتے ہیں۔ درخواست کے لیے بجلی کے بل کا ریفرنس نمبر فراہم کرنا ضروری ہوگا۔
کرایہ داروں کے لیے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ وہ مالک مکان سے این او سی حاصل کریں، کیونکہ سولر پینلز صرف مالک مکان کے نام پر جاری کیے جائیں گے۔ اسکیم کے تحت کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے سال بھر میں ایک لاکھ سولر سسٹمز تقسیم کیے جائیں گے۔ حکومت نے صارفین کی رہنمائی کے لیے جلد ایک ہیلپ لائن کے قیام کا اعلان بھی کیا ہے۔