امریکی شہری کا پاکستانی تاریخ میں سب سے مہنگا مارخور شکار
چترال: چترال میں امریکی شکاری نے پاکستانی تاریخ کی سب سے زیادہ بولی دے کر سیزن کے پہلے مارخور کا شکار کر لیا۔
محکمہ وائلڈ لائف کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر کے مطابق امریکی شہری رونالڈ جوویٹن نے 2 لاکھ 71 ہزار ڈالر کی ریکارڈ ادائیگی کرتے ہوئے مارخور کے شکار کا پرمٹ حاصل کیا تھا۔
رونالڈ جوویٹن نے اتوار 8 دسمبر کو وائلڈ لائف حکام کی زیرنگرانی شکار چترال میں تھوشی شاشا کنزروینسی کے مقام پر کیا، شکار کیے گئے مارخور کی عمر 11 سال جبکہ سینگ کی لمبائی 49.5 انچ ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف نے قومی جانور کے شکار کے لیے 4 پرمٹ فروخت کیے، تھوشی ون کنزروینسی اور تھوشی ٹو کنزروینسی کے دونوں پرمٹ ریکارڈ 2 لاکھ 71 ہزار ڈالر فی پرمٹ کے حساب سے فروخت ہوئے تھے۔