اڈیالہ جیل میں قید بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے غزہ میں اہلِ فلسطین کی نسل کشی کے معاملے پر عالمی برادری کی دوعملی پر نہایت افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ اہلِ مغرب دنیا کو بنیادی انسانی اقدار اور حقوق کا درس دیتے ہیں، فلسطین کے معاملے پر اہلِ مغرب اپنے ہی بنائے ہوئے عالمی قانون و اقدار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا ہے کہاسرائیل پوری دنیا کے سامنے نہایت ڈھٹائی سے اہلِ فلسطین کی نسل کشی میں مصروف ہے، زشتہ کئی دھائیوں سے مظلوم فلسطینی ایک کھلی جیل میں محصور قیدیوں کی زندگی بسر کرنے پر مجبور تھے، پہلے ان مظلوموں سے ان کی زمینیں چھینی گئیں، پھر گھر ہتھیائے گئے، پھر انہیں قید یا ہجرت پر مجبور کیا گیا مگر اب نہایت وحشیانہ طریقے سے ان سے ان کی زندگیاں چھینی جارہی ہیں۔
سابق وزیراعظم پاکستان نے کہا ہے کہ مظلوم فلسطینیوں کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کیلئے ڈھائے جانے والے ظلم اور ان سے روا رکھی جانے والی ناانصافی کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، اہلِ عالم خصوصاً بارسوخ مغربی ممالک دوعملی ترک کرکے عالمی قانون و اقدار کے احترام کو یقینی بنائیں، مظلوم فلسطینیوں کو اسرائیل کی درندگی سے بچایا جائے اور انہیں جان و مال کی سلامتی کے ساتھ ان کے بنیادی حقوق کی ضمانت دی جائے۔