تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے بیرسٹر گوہر سے کہا تھا کہ اگر وہ سنگجانی میں بیٹھ جائیں تو عمران خان کو رہا کر دیا جائے گا۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیشی کے دوران علیمہ خان نے روسٹرم پر آکر کہا کہ ہم گزشتہ ڈیڑھ سال سے عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں، لیکن یہاں ججز مسلسل تبدیل ہو رہے ہیں۔ ضمانتیں منظور نہیں ہو رہیں، اور پہلے تو تفتیشی افسران بھی عدالت میں پیش نہیں ہو رہے تھے۔
جج نے اس دوران سوال کیا کہ آخر ضمانتیں کیوں منظور نہیں ہو رہیں؟ انہوں نے مزید بتایا کہ جب وہ اس عدالت میں آئے تو پی ٹی آئی کے 300 سے زائد ضمانتوں کے کیسز زیر التوا تھے، لیکن اب یہ تعداد 170 رہ گئی ہے، کیونکہ کئی بے گناہ افراد اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔ جج نے پولیس کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر تفتیش مکمل نہیں ہوئی تو پولیس افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔
علیمہ خان نے مزید بتایا کہ 4 اکتوبر کو ہم جیل میں تھے، اور اس دوران ہمیں نئے مقدمات میں نامزد کر دیا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر ان مقدمات میں ہمارا نام کیسے شامل کیا گیا؟